سری لنکا کے خلاف سیریز میں صائم ایوب کا مجموعی آل راؤنڈ فارم متاثر رہا۔ انہوں نے دو اننگز میں مجموعی طور پر صرف 30 رنز بنائے جبکہ انہیں بالنگ کا موقع بھی نہیں مل سکا جس کے باعث ان کے رینکنگ پوائنٹس میں کمی واقع ہوئی۔ سیریز 1-1 سے برابر رہی جبکہ ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔
رینکنگ میں پوائنٹس کم ہونے کے بعد صائم ایوب 269 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا 289 پوائنٹس کے ساتھ ٹی20 آل راؤنڈر رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
بیٹنگ رینکنگ میں صائم ایوب اپنی 37ویں پوزیشن پر برقرار ہیں اور ان کے پوائنٹس 551 ہیں۔ اسی فہرست میں پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں بھی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ بابر اعظم، جو سری لنکا کے خلاف سیریز میں شریک نہیں تھے، تین درجے تنزلی کے بعد 32ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ صاحبزادہ فرحان ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے شاندار کارکردگی کی بدولت بیٹنگ رینکنگ میں 13 درجے ترقی حاصل کرتے ہوئے 41ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب بولنگ رینکنگ میں ابرار احمد ایک درجہ نیچے چلے گئے جبکہ محمد نواز دو درجے تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث پانچ درجے نیچے آ گئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے یہ تازہ ترین رینکنگ 14 جنوری 2026 کو جاری کی گئی ہے۔