کراچی، زیرِ زمین پانی کے ٹینک میں صفائی کے دوران 3 افراد دم گھٹنے سے بے ہوش

شہر قائد کے علاقے کورنگی ایک نمبر ضیا کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں زیرِ زمین پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران تین افراد کی حالت اچانک غیر ہو گئی۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم ایمبولینس کے ہمراہ موقع پر پہنچی اور جان جوکھوں میں ڈال کر نیم بے ہوش افراد کو ٹینک سے باہر نکالا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زیرِ زمین ٹینک میں آکسیجن کی شدید کمی اور زہریلی گیسوں کے باعث افراد دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے تھے۔

چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا، جو کسی بڑے سانحے میں بھی بدل سکتا تھا۔

متاثرہ تینوں افراد کو فوری طور پر قریب ترین اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ایک کی شناخت 15 سالہ سلیم کے نام سے ہو سکی ہے، جبکہ باقی دو افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

Similar Posts