کراچی، گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آتشزدگی، 7 افراد زخمی

گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آتشزدگی سے 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آتشزدگی کی اطلاع ملی ہے اور سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ریسکیو 1122 کو اطلاع موصول ہوتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے۔

ترجمان ایدھی نے بتایا کہ گل پلازہ میں لگنے والی اؔٓگ سے 7 افراد متاثر ہو کر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بیان میں بتایا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی ہے اور سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوع پر روانہ کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ آتشزدگی پر مکمل قابو پانے تک واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری ہے۔

وزیرداخلہ سندھ کا حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت

وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ریسکیو کے اقدامات کریں اور شہریوں کو محفوظ راستے کے لیے ٹریفک کے متبادل روٹس بنائے جائیں۔

انہوں نے ایس کہا کہ تفتیش اور تحقیق سے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ کی عمارت کو مکمل محفوظ اور سیکیور کیا جائے اور آگ مزید پھیلنے سے روکا جائے اور گل پلازہ تک فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیے راستے کلیئر کیے جائیں۔

 

Similar Posts