سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس میں پاکستان کی شمولیت کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کا بورڈ آف پیس نوآبادیاتی نظام کی نئی شکل ہے جس میں عراق کو تباہ کرنے والے ٹونی بلیئر جیسے مجرم موجود ہیں، بورڈ آف پیس فلسطینیوں کے وسائل اور زمینوں پر قبضے کا نیا نظام ہے، تعمیر نو کے نام پر غزہ پر امریکی قبضہ ناقابل قبول ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستانی وزارت خارجہ کا یہ مؤقف کہ پاکستان نے سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا حقائق کے برعکس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خود ٹرمپ کہہ چکا ہے کہ اس کا بورڈ آف پیس ایک دن اقوام متحدہ کی جگہ لے سکتا ہے، ٹرمپ کے اس مؤقف کے بعد پاکستان کا بورڈ میں شمولیت کا کیا جواز ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بہت واضح انداز میں کہتے ہیں پاکستان کی فوج کسی صورت بھی غزہ نہیں جانی چاہیے۔