لیاری کا ککری گراؤنڈ قطر کے کسی اسٹیڈیم سے کم نہیں ہے، ترجمان سندھ حکومت کا دعویٰ

سندھ حکومت کے ترجمان اور رکن صوبائی اسمبلی نادر گبول نے دعویٰ کیا ہے کہ لیاری میں دو عالمی معیار کے فٹبال گراؤنڈ ہیں اور ککری گراؤنڈ قطر کے کسی اسٹڈیم سے کم نہیں ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام پاور کاسٹ میں بیورو چیف فیصل حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نادر گبول نے کہا کہ لیاری کا ککری گراؤنڈ قطر کے کسی اسٹیڈیم سے کم نہیں بلکہ وہ ملٹی اسپورٹس کمپلیکس ہے جہاں جمناسٹک، کراٹے، باکسنگ سب سکھایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیاری میں فٹبال ورلڈکپ ہونا چاہیے اور ہم اس کیلیے کوشش کریں گے اور میں وعدہ کرتا ہوں 2040 یا 2050 میں فیفا فٹبال ورلڈکپ لیاری میں کروانے کی پوری کوشش کریں گے۔

نادر گبول نے کہا کہ لیاری کے اسٹیڈیمز میں جدید سہولیات ہیں اور یہ عالمی معیار کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیاری میں فٹبال ورلڈکپ کے انعقاد کا کام صرف پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو کرسکتے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ قطر میں 2022 کے ورلڈکپ کے دوران ہم نے لیاری کے دو گراؤنڈز میں اسکرینز لگوائیں تھیں، بیس بیس ہزار لوگ میچ دیکھنے آئے تھے اور دنیا بھر میں اس جذبے کو سراہا گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں نادر گبول نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ہی شراب اور دیگر مشروبات پر پابندی عائد کی، ورلڈکپ کے دوران اس طرح کی چیزوں کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ہمیں عوام کو جواب دینا ہے، اجازت سے عوام ناراض ہوسکتے ہیں اور یہ پیپلزپارٹی بالکل برداشت نہیں کرے گی۔

Similar Posts