قومی اسمبلی میں جے یو آئی کی خواتین کی مخصوص نشست سے متعلق معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن نے جے یو آئی (ف) کی حنا بی بی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے صدف احسان کو بطور رکن قومی اسمبلی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صدف احسان کی قومی اسمبلی کی رکنیت برقرار رہے گی اور انہیں ڈی نوٹیفائی نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حنا بی بی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ صدف احسان کا نام جے یو آئی کی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں تھا، اس لیے انہیں مخصوص نشست پر منتخب قرار نہیں دیا جا سکتا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد حنا بی بی کے پاس یہ حق موجود ہے کہ وہ اس فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کر سکتی ہیں۔