برطانیہ؛ مسافر بردار طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا؛ ویڈیو وائرل

امریکا میں برٹش ایئرویز کی پرواز ایک خوفناک حادثے سے بچ گئی جس میں 300 سے زائد مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ لاس ویگاس کے ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں سے برٹش ایئر ویز نے لندن کے لیے پرواز بھری تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے طیارہ رن وے پر دوڑتے ہوئے کامیابی سے اُڑان بھرتا ہے لیکن کچھ دیر بعد غیر معمولی واقعہ رونما ہوتا ہے۔

مسافر بردار طیارہ ابھی رن وے سے فضا میں پہنچا ہی تھا کہ اس کا ایک پہیہ ٹوٹ کر نیچے زمین گر جاتا ہے تاہم طیارے نے اپنی پرواز جاری رکھی۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو مسافروں کے اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کیوں کہ اب طیارے کو لندن میں ٹوٹے ہوئے پہیے کے ساتھ لینڈنگ کرنا تھی۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ پہیہ گرنے کے باوجود طیارہ اپنی پرواز جاری رکھنے میں کامیاب رہا اور لندن میں بحفاظت لینڈ کر گیا۔

کامیاب لینڈنگ کا سہرا پائلٹ کو جاتا ہے جس نے ایک ٹائر نہ ہونے کے باوجود طیارے کا توازن رن وے پر برقرار رکھا۔

اس واقعے میں کسی قسم کے جانی یا املاک کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ گرا ہوا ٹائر بھی ایئر فیلڈ سے مل گیا۔

برٹش ایئرویز کے ترجمان نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی سلامتی اور تحفظ ہمارے ہر کام کی بنیاد ہیں۔ ہم اس معاملے کی تحقیقات میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق اس واقعے کی اطلاع نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کو دے دی گئی ہے، جو اب اس واقعے کی باضابطہ تحقیقات کرے گا کہ پہیہ اچانک کیسے الگ ہوا۔

ماہرین کے مطابق ایسے جدید طیاروں میں پہیوں کا نظام انتہائی مضبوط اور محفوظ بنایا جاتا ہے، اس لیے اس نوعیت کا واقعہ بہت کم دیکھنے میں آتا ہے اور اسے سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

خوش قسمتی سے یہ واقعہ کسی بڑے حادثے میں تبدیل نہیں ہوا اور طیارہ بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ گیا ورنہ لینڈنگ کے وقت کوئی بھی ناکوشگوار حادثہ رونما ہوسکتا تھا۔

 

 

Similar Posts