محکمہ صحت سندھ کے مطابق نپاہ وائرس کے حوالے سے صورت حال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ڈی جی ہیلتھ سندھ نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
ایڈوائزری میں تمام سرکاری و نجی اسپتالوں کو الرٹ رہنے اور وفاقی وزارت صحت کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کا حکم دیا گیا ہے، پاکستان میں تاحال نپاہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔
نپاہ وائرس جان لیوا زونوٹک بیماری ہے جو انسانوں میں منتقل ہوسکتی ہے، اس کی ابتدائی علامات میں بخار، سر میں درد، کھانسی، جسم میں درد اور الٹی شامل ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ نپاہ وائرس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں، عوام اس موسم میں تازہ پھل اور تازہ خوراک استعمال کریں، کئی گھنٹوں کے رکھے ہوئے کٹے ہوئے پھل یا سبزیاں استعمال نہ کریں۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا کہ کھانے پینے کی اشیا دھو کر استعمال کریں، نپاہ وائرس شدید سانس کی بیماری اور دماغی سوزش کا سبب بن سکتا ہے۔