سانحہ بھاٹی گیٹ؛ خاتون کے شوہر پر دوران حراست تشدد پر مزید دو ملزمان گرفتار

سانحہ بھاٹی گیٹ پر آئی جی پنجاب کی جانب سے بنائی گئی ہائی پاور کمیٹی نے انکوائری رپورٹ مکمل کرلی اور مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب نے خاتون اور بچی کے مین ہول میں گرنے کے بعد شوہر کو حراست میں لے کر تشدد کرنے کے حوالے سے پولیس کے کردار اورغفلت کا تعین کرنے کے لیے ایڈیشنل آئی جی آئی اے بی عمران محمود کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈی آئی جی احمد ناصر عزیز ورک اور ڈی آئی جی عمران کشور کمیٹی کا حصہ ہیں اور تینوں اعلیٰ افسران نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور تمام شواہد اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق خاتون سعدیہ اور بیٹی ردا کے اہل خانہ کے بیانات قلم بند کیے گئے اور انکوائری میں تین افسران کی غفلت پائی گئی اور تینوں افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ کمیٹی نے آئی جی پنجاب کو سفارشات بھجوادی ہیں، افسران کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ آئی جی پنجاب کریں گے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا  نے داتا دربار  میں ماں اور بیٹی کے جاں بحق ہونے کے جائے وقوع کے دورے کے موقع پر بتایا کہ 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور مزید دو ملزمان گرفتار ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لواحقین کو مکمل طور انصاف فراہم کیا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی تیز اور میرٹ پر کرنے کا حکم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بھاٹی گیٹ کیس میں انویسٹی گیشن پولیس نے مزید 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے،  ملزمان میں سلمان اور  عثمان شامل ہیں، جن سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

 

Similar Posts