امریکا میں شدید برفانی طوفان کے باعث مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 115 ہوگئی ہے، جبکہ یورپ کے مختلف ممالک بھی شدید موسمی صورتحال کی زد میں ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے مختلف ریاستی علاقوں میں شدید برفانی طوفان کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر 115 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ٹیکساس میں افسوسناک واقعے کے دوران برف پر پھسل کر پانی میں گرنے سے تین بچے ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق شدید برفباری اور خراب موسم کے باعث امریکا میں فضائی سفر بدستور متاثر ہے، متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں سڑکیں بند اور ٹریفک کی روانی معطل ہے۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔
ادھر یورپی ملک پرتگال میں شدید طوفان کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ طوفان کے باعث بڑے پیمانے پر بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے اور دس لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق انفرااسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
اسی طرح اسپین میں شدید برفباری کے باعث متعدد علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
موسمیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی خراب موسم کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔