انکم ٹیکس چھاپے کے دوران معروف رئیل اسٹیٹ ٹائیکون کی مبینہ خودکشی

بھارتی شہر بنگلورو میں ایک بڑے رئیل اسٹیٹ گروپ کے سربراہ سی جے رائے اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کے دفتر میں محکمۂ انکم ٹیکس کی کارروائی جاری تھی۔

کانفیڈنٹ گروپ کے چیئرمین  57 سالہ سی جے رائے نے مبینہ طور پر اپنے ہی دفتر میں خود کو گولی مار لی۔ واقعے کے بعد پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے دفتر کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو پولیس کمشنر نے تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ سہ پہر تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس حکام کی موجودگی میں سی جے رائے نے یہ انتہائی قدم اٹھایا، جس کے بعد فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ تین دن سے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ سی جے رائے اور ان سے وابستہ کمپنیوں کے خلاف چھاپے مار رہا تھا، جن کے دوران مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے سامنے آئے۔ یہی پس منظر اس واقعے کو مزید حساس بنا رہا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

بنگلورو کے پولیس کمشنر کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا کہ یہ واقعہ واقعی خودکشی تھا یا اس میں کسی قسم کی اکسانے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم کا تعلق کیرالہ سے تھا اور پولیس اس حوالے سے متعلقہ حکام سے تفصیلی گفتگو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سی جے رائے کے بھائی نے انکشاف کیا ہے کہ انکم ٹیکس حکام پہلی مرتبہ دسمبر میں بنگلورو پہنچے تھے، جبکہ دوسری بار 28 جنوری کو سی جے رائے کو دبئی سے واپس بلا کر پوچھ گچھ کی گئی۔ ان کے مطابق اسی کے بعد تفتیشی عمل میں تیزی آئی۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سی جے رائے کا تعلق ریاست کیرالہ کے شہر کوچی سے تھا۔ وہ قیمتی اور لگژری گاڑیوں کے شوقین تھے اور ملیالم فلم انڈسٹری سے بھی وابستہ رہے، جہاں انہوں نے بطور پروڈیوسر کئی فلمیں بنائیں۔
 

Similar Posts