دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستانی بیٹرز کا آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ آغاز

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جارہا ہے، جہاں گرین شرٹس کی جارحانہ بیٹنگ جاری ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آج پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان سلمان آغا نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد کریز پر موجود ہیں۔

پاکستانی بیٹرز نے 17 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد جارحانہ انداز اپنایا۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 72 پر اور تیسری وکٹ 74 رنز پر گری۔

صاحبزادہ فرحان 5 رنز، صائم ایوب 17 اور بابر اعظم 2 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ فخر زمان، شاہین آفریدی اور سلمان مرزا کو آرام دیا گیا ہے جبکہ فہیم اشرف، نسیم شاہ اور عثمان طارق پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان مچل مارش کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 22 رنز سے اپنے نام کیا تھا جب کہ سیریز کا آخری میچ کل کھیلا جائے گا۔

Similar Posts