عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ خوفناک دھماکا بندرعباس کی 8 منزلہ عمارت میں ہوا اس کے کم از کم دو فلور مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
دھماکے میں متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوگئیں۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ البتہ ایمبولینسوں کو جاتے دیکھا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کا ابھی تک تعین نہیں کیا جاسکا ہے تاہم حکام تفتیش کر رہے ہیں۔
ریسکیو اور فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے تاہم کوئی واضح تعداد یا اموات کی تصدیق نہیں ہوئی۔
البتہ نیم سرکاری خبر رساں اداروں کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالی باتوں کو جھٹلایا گیا ہے کہ دھماکا کسی ایرانی انقلابی گارڈز کے کمانڈر کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ بندر عباس آبنائے ہرمز کے قریب ایران کا ایک اہم تجارتی اور اسٹریٹیجک شہر ہے، جہاں 26 اپریل 2025 کو ہونے والے دھماکے میں 60 کے قریب افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔