پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں پیش آنے والے المناک بم دھماکے میں درجنوں معصوم شہریوں کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے بتاریخ 7 فروری 2026 بروز ہفتہ دی گئی ملک گیر سوگ اور احتجاج کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔
اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی مسجد و امام بارگاہ پر خودکش حملے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دم توڑ گیا جس کے بعد شہادتوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے 33 شہدا کی میتیں لواحقین کےحوالےکردی گئیں، پمز اسپتال میں دھماکے کے 149 کیسز لائے گئے تھے جن میں 121 افراد زخمی اور 28 لاشیں شامل ہیں۔
اسپتال ذرائع کے مطابق رات بھر طبی امداد کے بعد پمز میں زخمیوں کی تعداد 64 رہ گئی ہے، پمز میں 20 زخمیوں کی حالت تشویشناک اور 9 آئی سی یو میں زیرِعلاج ہیں۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کا علاج سرجیکل وارڈ 1 اور سرجیکل وارڈ 4 میں جاری ہے جبکہ پولی کلینک اسپتال میں 13 زخمی زیرِ علاج ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکا ہوا تھا۔