ریڈ زون میں احتجاج روکنے والوں نے عملاً کراچی کو ’ڈیتھ زون‘ بنا رکھا ہے، منعم ظفر خان

امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ریڈ زون میں احتجاج روکنے والوں نے عملاً کراچی کو ڈیتھ زون بنادیا ہے۔

ادارہ نورحق میں ایم پی اے محمد فرحان فاروق ودیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وڈیرہ مائنڈ سیٹ کسی صورت قبول نہیں کریں گے، حق کیلئے احتجاج کرنے والوں پر بدترین ریاستی جبر اور فسطائیت کا مظاہرہ کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پورے شہر کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا گیا ہے، لوگ اپنے حق کیلئے نکلیں تو کہتے ریڈ زون میں نہیں آسکتے۔ تحریک مزاحمت آگے بڑھے گی، رمضان المبارک کے دوران کراچی میں 13 بڑے جلسہ عام کریں گے، پورے شہر کو ’جینے دو کراچی‘ مہم کے ساتھ کھڑا کریں گے اور کراچی کو اسکا حق دلاکر رہیں گے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کا راگ الاپتی ہے مگر دو روز قبل ہماری پُر امن احتجاجی ریلی پر پولیس کے ذریعہ بدترین تشدد کرایا، ہمارے کارکنوں نے صبرکا مظاہرہ کیا، آنسوگیس لاٹھی چارج کے باوجود ہمارے کارکنان ڈٹے رہے، کارکنوں پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ آج بھی کراچی میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں بڑھ رہی ہیں، صنعتکاروں کو بھتے کی پرچیاں بھیجی جارہی ہیں، بھتے کی پرچیاں بھیجنے والوں کا سب کو علم ہے، جہانگیر روڈ کوبار بار تعمیر کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی کراچی کے ساتھ دشمنی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ کراچی کو جینے کا حق دینا پڑیگا، کچے کے ڈاکوں کی سرپرستی کی جارہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہمارے زخمی کارکنان جیل میں ہیں، ہم میگا سٹی گورنمنٹ چاہتے ہیں، کراچی کی ضرورت میگا سٹی گورنمنٹ ہے، تمام اختیارات اور وسائل پرسندھ حکومت قابض ہے، ہم خاموش نہیں رہیں گے، تحریک مزاحمت آگے بڑھے گی، ہم ماہ رمضان میں جلسہ عام کریں گے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ پولیس نے ہمارے کارکنوں کو پکڑ کر کہا کہ کلمہ سناؤ، دوران حراست ہمارے 75 سالہ بزرگ کارکن رفیق کارکنان کو دل کا دورہ پڑا، ہم نے مزاحمت کا راستہ اختیار کیا ہے، ہماری تحریک کراچی کو حقوق دلوانے کیلئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کو میگا سٹی گورنمنٹ دی جائے۔ کراچی کے ادارے کراچی کو واپس لوٹائے جائیں۔ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت سارے اختیارات پر ناگ بن کر بیٹھی ہے، پانی اور کچرا اٹھانے کا نظام تک صوبائی حکومت کے ماتحت ہے، ہمارا مظالبہ ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں۔

Similar Posts