شوبز کی چمک میں بھی بیوی سے سچی محبت ،شجاع اسد کی انوکھی لو اسٹوری

0 minutes, 0 seconds Read

شجاع اسد، جنہوں نے حالیہ دنوں میں مقبول ڈراموں خائے، اے عشقِ جنوں اور تن من نیل و نیل کے ذریعے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں، آہستہ آہستہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ایک قابلِ اعتماد اور معروف اداکار کے طور پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔

حال ہی میں وہ ایک شو میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر، شہرت، ازدواجی زندگی اور محبت کی کہانی کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی بیوی کو کبھی حسد محسوس ہوتا ہے جب وہ ملک کی حسین ترین اداکاراؤں کے ساتھ کام کرتے ہیں، تو شجاع نے بڑے اعتماد کے ساتھ جواب دیا کہ، کیوں محسوس ہوگا؟ وہ بہت میچور ہے۔ میں سیٹ پر جاتا ہوں، اپنے سینز کرتا ہوں اور گھر واپس آجاتا ہوں۔ اس میں حسد یا غیر ضروری جذبات کی کوئی گنجائش ہی نہیں۔

شجاع کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی ماہین نہ صرف ان پر مکمل اعتماد رکھتی ہیں بلکہ ان کے کریئر میں ایک مضبوط سہارا بھی ہیں۔

اداکار نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک حساس پہلو پر بھی روشنی ڈالی۔ شجاع اور ماہین بچپن سے ایک دوسرے کے دوست تھے۔ دونوں نے زندگی کا ایک بہت مشکل وقت ایک ساتھ گزارا جب محض 10 دنوں کے فرق سے ان دونوں کے والد انتقال کر گئے۔ اس دکھ بھرے وقت نے دونوں کو ایک دوسرے کے اور قریب کر دیا۔

شجاع نے بتایا کہ اسی وقت ان کی والدہ نے ماہین کو ان کے لیے منتخب کیا اور آج وہ اس فیصلے کو اپنی زندگی کے بہترین فیصلوں میں شمار کرتے ہیں۔

شجاع اسد نے اپنی اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی رہیں، خاص طور پر جب وہ شوبز میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔

شجاع اسد کی یہ کہانی نہ صرف ایک کامیاب اداکار کی جدوجہد کا آئینہ ہے بلکہ ایک خوبصورت اور پُرخلوص رشتے کی بھی مثال ہے، جہاں اعتماد، قربانی اور ساتھ کا جذبہ نمایاں نظر آتا ہے۔

Similar Posts