آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت، آج جامعہ کراچی میں تدریس و امتحانات معطل رہیں گے

0 minutes, 0 seconds Read
آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت اور برادر اسلامی ملک ایران میں حالیہ حملوں کے نتیجے میں 200 سے زائد مرد، خواتین اور بچوں کی شہادت کے سوگ میں جامعہ کراچی نے 2 مارچ بروز پیر تدریسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

جامعہ کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیر کو ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں، جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد ازاں کیا جائے گا۔

انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں میں شہریوں کی شہادتوں کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شہر کے حالیہ واقعات میں جامعہ کراچی کے دو طلبہ بھی جاں بحق ہوئے ہیں، جبکہ امریکن قونصلیٹ کے سامنے فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں کی خبر نے جامعہ برادری کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

انجمن اساتذہ نے اس افسوسناک واقعے پر شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ برادری غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

Similar Posts