ایران کے دارالحکومت تہران میں آج رات مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو الوداع کہنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تقریب تین روز تک جاری رہے گی جبکہ جنازے کے جلوس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایران کی اسلامی تبلیغاتی کونسل کے سربراہ حجت الاسلام محمودی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عوام آج رات 10 بجے سے تہران کے امام خمینی مصلیٰ میں مرحوم رہنما کے جسدِ خاکی کو خراجِ عقیدت پیش کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مصلیٰ عام شہریوں کے لیے کھلا رہے گا اور لوگ بڑی تعداد میں شرکت کر کے الوداعی تقریب میں حصہ لے سکیں گے۔ ان کے مطابق عوام ایک بار پھر بھرپور انداز میں اپنی موجودگی کا اظہار کریں گے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق 86 سالہ آیت اللہ علی خامنہ ای ہفتے کے روز اسرائیل اور امریکا کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں میں ہلاک ہو گئے تھے۔
کونسل کے سربراہ نے بتایا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے کے انتظامات بھی جاری ہیں اور اس حوالے سے مختلف امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ رہبرِ انقلاب اسلامی کو ہفتے کے روز تہران میں ان کے دفتر پر ہونے والے امریکی۔اسرائیلی حملے میں شہید کیا گیا تھا۔
ایران کی کابینہ نے اس واقعے کے بعد ملک بھر میں 40 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری سطح پر مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کو محدود کر دیا گیا ہے۔
اُدھر ایران نے امریکی، اسرائیلی کارروائی کے جواب میں’آپریشن ٹرو پرومس 4‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق اس آپریشن کے دوران اسرائیلی اہداف اور خطے میں موجود امریکی اڈوں پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملوں میں کئی اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور سیکڑوں شہری بھی شہید ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔