عدالت فیصلے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام سزا یافتہ ملزمان 7 مئی تک عدالت کے سامنے پیش ہو کر سرنڈر کریں۔
فیصلے کے مطابق جو سزا یافتہ ملزم مقررہ مدت میں سرنڈر کرے گا اس کی سزا خود بخود کالعدم ہو جائے گی اور اس کا مقدمہ میرٹ پر دوبارہ چلایا جائے گا۔ عدالت نے واضح کیا کہ سرنڈر کرنے والے ملزمان کے خلاف سزائیں ختم کر کے ان کا باقاعدہ ٹرائل کیا جائے گا۔
عدالت کی جانب سے جن ملزمان کو سرنڈر کی ہدایت جاری کی گئی ہے ان میں عمر ایوب، شبلی فراز، کنول شوزب، زرتاج گل، مراد سعید، حماد اظہر، ذلفی بخاری اور شیخ راشد شفیق سمیت دیگر سزا یافتہ ملزمان شامل ہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے سزا اور سرنڈر سے متعلق وارنٹ بھی جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 9مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10سال قید اور 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے جبکہ عدالت نے ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالت کے فیصلے کے مطابق ملزمان کو 9مئی کے واقعات کی سازش، پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات میں ملوث قرار دیا گیا تھا۔
یہ مقدمہ جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم اور سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن پر حملوں کے تناظر میں درج کیا گیا تھا اور اس کیس میں متعدد ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی گئی تھی جبکہ مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔