دبئی میں جمعہ کے روز زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد شہر کے مرکزی حصے میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ انہوں نے اپنی عمارت کو ہلتے ہوئے محسوس کیا اور ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق فضائی دفاعی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے کی وجہ سے شہر کے مرکزی علاقے میں ایک عمارت کے بیرونی حصے پر معمولی واقعہ پیش آیا۔
حکام نے تصدیق کی کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے نہیں آئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں دبئی میڈیا آفس نے کہا کہ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک کامیاب فضائی دفاعی کارروائی کے نتیجے میں گرنے والے ملبے نے مرکزی دبئی میں واقع ایک عمارت کے بیرونی حصے کو معمولی نقصان پہنچایا، تاہم اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
اے ایف پی کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہ شیخ زاید روڈ کی سمت سے سائرن کی آوازیں بھی سنائی دے رہی تھیں۔
اس سے ایک روز قبل جمعرات کو بھی دبئی میں ایک اور واقعہ پیش آیا تھا جب شہر کے مرکز میں دھماکوں کی آوازیں سننے کے بعد حکام نے ایک معمولی ڈرون واقعے کی اطلاع دی تھی۔
دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکام علاقے البداء میں پیش آنے والے ایک معمولی ڈرون واقعے سے نمٹ رہے ہیں اور اس میں بھی کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
اے ایف پی کے نامہ نگار کے مطابق رہائشی علاقے البداء کے اوپر دھوئیں کے چھوٹے بادل اٹھتے دیکھے گئے تھے جو کچھ ہی دیر بعد ختم ہوگئے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے خلیجی خطہ ایران کے حملوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس دوران خطے میں مجموعی طور پر 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سات امریکی فوجی اہلکار اور 11 عام شہری شامل ہیں۔