لبنان پر جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں مزید 25 افراد شہید ہوگئے ہیں، جبکہ بیروت سمیت مختلف شہروں میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق حالیہ حملوں کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 773 تک پہنچ گئی ہے جن میں بڑی تعداد بچوں کی بھی شامل ہے۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں اب تک 773 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 103 بچے اور طبی عملے کے 12 افراد بھی شامل ہیں۔ حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1 ہزار 933 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دارالحکومت بیروت سمیت مختلف شہروں میں رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے باعث متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں اور شہری آبادی کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے لبنان میں بڑھتے انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث لبنان میں اب تک 8 لاکھ 22 ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں جن میں تقریباً 3 لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق مسلسل حملوں کے باعث لبنان میں انسانی صورتحال تیزی سے سنگین ہوتی جا رہی ہے اور بڑی تعداد میں شہری محفوظ مقامات کی تلاش میں نقل مکانی پر مجبور ہیں۔