امریکا اسرائیل فوراً جنگ ختم کریں؛ ایران بھی ہمسائیوں پر حملے نہ کرے؛ اقوام متحدہ

0 minutes, 0 seconds Read
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ پر اہم بیان جاری کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سربراہ نے امریکا اور اسرائیل سے ایران کے خلاف جاری جنگ فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ تنازع بے قابو ہوسکتا ہے۔

انھوں نے ایران سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک پر حملے بند کردے کیوں کہ یہ ممالک جنگ میں فریق نہیں ہیں۔

انتونیو گوتریس نے آبنائے ہرمز کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے لاکھوں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے حالانکہ ان کا اس جنگ سے کوئی تعلق نہیں۔

سربراہ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ یہ جنگ نہ صرف عام شہریوں کے لیے شدید تکالیف کا باعث بن رہی ہے بلکہ عالمی معیشت پر بھی اس کے سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس جنگ کو ختم کیا جائے۔ اس تنازع کے نتائج خاص طور پر کم ترقی یافتہ ممالک کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ شدت اختیار کر چکی ہے۔

جس کے جواب میں ایران نے خلیجی ممالک میں موجود امریکی تنصیبات اور اڈوں کو نشانہ بنایا جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی حالیہ اجلاس میں خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کی تھی اور ایران سے انہیں روکنے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ اسی اجلاس میں امریکا نے روس کی جانب سے پیش کی گئی کشیدگی کم کرنے کی قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔

 

Similar Posts