ژوب اور گردونواح میں 4.2 شدت کا زلزلہ

0 minutes, 0 seconds Read
بلوچستان کے ضلع ژوب اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں جمعرات کی رات ایک بار پھر زمین لرز اٹھی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز زمین کی سطح سے صرف 12 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا اصل مرکز ژوب سے 110 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔زلزلے کے جھٹکے اچانک محسوس ہوتے ہی علاقے بھر میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی اور شہری گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ بہت سے شہریوں نے گھبراہٹ میں کلمہ طیبہ کا بلند آواز میں ورد کیا اور اللہ سے حفاظت کی دعائیں مانگیں۔

ژوب، کوئٹہ اور گردونواح کے دیہاتوں میں خواتین و بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر جمع ہوئی اور کچھ لوگوں نے فوراً اپنے بچوں کو اٹھا کر گھروں سے باہر نکلنا شروع کر دیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے حکام نے بتایا کہ یہ زلزلہ نسبتاً ہلکا تھا،تاہم اس کی گہرائی کم ہونے کی وجہ سے جھٹکے زیادہ شدید محسوس ہوئے، فی الحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

ریسکیو سروسز کے مطابق اب تک کوئی نقصان رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ تاہم انتظامیہ نے علاقائی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

Similar Posts