ساف انڈر-20 فٹبال؛ پاکستانی ٹیم کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست، ایونٹ سے باہر

0 minutes, 0 seconds Read
پاکستان ساف انڈر-20 فٹ بال چیمپئن شپ سے باہر ہو گیا جہاں گروپ بی میں دوسرے ہی میچ میں روایتی حریف اور چار مرتبہ کے چیمپین بھارت نے 0-3 گول سے شکست دے دیا۔

جنوبی ایشیا کے 7 ممالک کے درمیان مالدیپ کے نیشنل فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں اپنے گروپ کے دوسرے اور آخری میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کی مضبوط ٹیم کے خلاف سخت دباؤ کا شکار رہی، بھارت کی جانب سے دو گول داغنے والے اومن ڈو ڈو میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کھیل کے تیسرے ہی منٹ ہی میں وشال یادیو نے گول کر کے بھارت کو سبقت دلوا دی، بھارت کی جانب سے 65 ویں منٹ میں  دوسرا گول کرنے والے اومن ڈو ڈو نے کھیل کے 80 ویں منٹ میں ملنے والی پنالٹی کارنر پر گول داغ کر بھارت کو 0-3 کی برتری دلوادی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

دوران میچ پاکستانی کھلاڑی سخت ترین دباؤ کا شکار رہے جبکہ حریف ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ انداز میں تابڑ توڑ حملے کرتے رہے، پاکستان کی شکست کا ایک اہم سبب گول کیپر کاشف کی غلطیاں بھی رہیں۔

واضح رہے کہ سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو اس میچ میں فتح لازمی درکار تھی، اس طرح بنگلہ دیش اور بھارت نے پاکستان کو شکست سے ہم کنار کر کے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں کھیلنے کا موقع حاصل کر لیا، گروپ بی کے آخری میچ میں ہفتے کو بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ایونٹ کے گروپ اے میں میزبان مالدیپ، نیپال، بھوٹان اور سری لنکا شامل ہیں جبکہ گروپ بی پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش پر مشتمل ہے۔

ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان اسکواڈ گول کیپرز ذوالقرنین، کاشف، عادل علی خان، ڈیفنڈرز زریب حیدر، عبد الخالق، عبیداللہ خان، شیراز خالد، عمر جاوید، عبد الرحمان، مجید علی، مڈفیلڈرز زین عمران، محمد شہاب احمد، محمد جنید، علی ظفر، منصور احمد، سید محمد عابس رضا کاظمی، اویس الیاس، خبیب خان، فارورڈز عبدالصمد، نجیب اللہ، سجاد حسین، فہام احمد اور محمد عبداللہ پر مشتمل تھا جبکہ آفیشلز میں شہزاد انور (ہیڈ کوچ)، محمد زمان (ٹیم مینیجر)، شیخ حمدان، محمد حبیب (اسسٹنٹ کوچز)، نعمان ابراہیم (گول کیپنگ کوچ)، محمد عبداللہ عامر (فزیوتھراپسٹ) نے ذمہ داریاں ادا کیں۔

Similar Posts