سندھ کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، کراچی میں بدھ (23 اپریل) تک ہیٹ ویو کا امکان ہے، درجہ حرارت 40 ڈگری سے اوپر جا سکتا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا، دوسری طرف ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
شہرقائد میں گزشتہ روز دن میں پارہ 40 ڈگری تک جا پہنچا، سمندری ہوائیں بند ہوئیں اور گرمی کی شدت سے لوگ بلبلا اٹھے
مٹھی اور نواب شاہ میں سب سے زیادہ گرمی پڑی، پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا، حیدرآباد اور دادو میں 41 سکھر میں 40 اور ٹھٹھہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی نے ستایا۔
پنجاب میں بھی سورج آنکھیں دکھارہا ہے، ڈیرہ غازی خان میں پارہ 40 ، لاہور اور ملتان میں 39 ڈگری کی گرمی سے لوگ نڈھال ہوگئے۔
کراچی کا کا موسم شدید گرم اور خشک، درجہ حرارت 41 ڈگری تک جانے کا امکان
فیصل آباد اور سرگودھا میں درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ تک پہنچا، بلوچستان میں بھی گرمی کی لہربرقرار ہے، سبی اور گوادر میں درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں رات بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری
دوسری جانب سندھ گرمی میں جھلس رہا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری ہو رہی ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، آزاد کشمیر اور غذر میں برف باری ہوئی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش اورژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں، ہری پور میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہے۔
مظفرآباد میں تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری ہوئی، پہاڑوں پر برفباری سے جاتی سردی لوٹ آئی۔ دریائے نیلم اور جہلم میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے۔
گلگت بلتستان میں بارش اوربرفباری کا سلسلہ رک نہ سکا، غذر میں برفباری 4 روز سے جاری ہے، درجہ حرارت دوسرے روز بھی نقطہ انجماد سے نیچے گرگیا۔
محکمہ موسمیات نے کشمیر سمیت راولپنڈی، اسلام آباد میں مزید بارش اورژالہ باری کی خبر دی ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا میں بھی طوفانی موسم کی پیشگوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں موسم خشک اور گرم رہنے گا
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی اضلاع میں بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب اور سندھ میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان، الرٹ جاری
گذشتہ روز چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ اور ابیٹ آباد میں بارش ہوئی، دیر میں 24، کالام 22، تیمرگرہ 13، چترال میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
پشاورکا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
سب سے کم درجہ حرارت کالام اور مالم جبہ میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈی آئی خان میں پارا 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔