سرگودھا میں شادی کے خواب سجائے 27 سالہ دلہا تبسم بارات لے کر جب دلہن کے گھر پہنچا تو دروازے پر تالا لگا دیکھ کر ہکا بکا رہ گیا۔ ایک نوسرباز گروہ نے نوجوان کو جعلی شادی کا جھانسہ دے کر نہ صرف اس کا وقت اور اعتماد برباد کیا بلکہ ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد رقم بھی ہتھیا لی۔
متاثرہ دلہا اور اس کے اہلِ خانہ کے مطابق رشتہ کرانے کے نام پر ایک گروہ نے مبینہ طور پر شادی طے کروائی، ایڈوانس کے طور پر رقم بھی وصول کی اور بارات کی تاریخ مقرر کر دی لیکن جب طے شدہ دن بارات دلہن کے بتائے گئے پتے پر پہنچی تو گھر پر تالے پڑے تھے اور کوئی موجود نہ تھا۔
دھوکا دے کر 5 خواتین سے شادیاں کر کے رقم بٹورنے والا ملزم گرفتار
دھوکا دہی کا شکار ہونے والے خاندان نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا اور نوسرباز گروہ کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق انہیں پہلے سے طے شدہ ’دلہن‘ سے کبھی ملاقات بھی نہیں کروائی گئی اور تمام معاملات نوسرباز گروہ کے افراد کے ذریعے چلائے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور جلد ہی ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔