کراچی میں گاڑیوں پر حکومت کی منظور شدہ نمبر پلیٹس کی تنصیب سے متعلق جاری مہم کو شہر میں متوقع بارشوں کے پیش نظر عارضی طور پر مؤخر کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایات پر شہریوں کو آگاہ کر دیا گیا۔
کراچی پولیس کی جانب سے پرائیویٹ، فینسی اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹس کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مہم کو وقتی طور پر روکا گیا ہے تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اس دوران اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست کروا لیں اور صرف سرکاری منظور شدہ نمبر پلیٹس ہی استعمال کریں تاکہ آئندہ شروع ہونے والی مہم کے دوران کسی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
کراچی پولیس شہریوں کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔