وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا، وزیراعظم مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اعتماد میں لیں گے

0 minutes, 3 seconds Read
وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ساڑھے 11 بجے ہو گا، وزیراعظم اج مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے۔

وزیر اعظم امریکا اورایران کے درمیان سیز فائر پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیں گے۔

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر لبنان سمیت مختلف خطوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے مطابق یہ جنگ بندی فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے جسے خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام دانشمندی اور دور اندیشی کا مظہر ہے۔

وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ ایران اور امریکا کے وفود کو جمعہ، 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے تاکہ تمام تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جا سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کی ایکسپریس نیوز سے گفتگو
الحمدللہ پاکستان کیلئے سب سے بڑی خوشی کا دن
تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا pic.twitter.com/vmzm49euvk
— Aamir Ilyas Rana (@RanaAamirilyas) April 8, 2026

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں فریقین نے غیر معمولی فہم و فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مذاکرات پائیدار امن کے حصول میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے اور آنے والے دنوں میں مزید مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔

 

Similar Posts