امریکا ایران جنگ بندی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 15 فیصد تک گرگئیں

0 minutes, 0 seconds Read

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی آئل مارکیٹ میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

عالمی منڈی میں جاری اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے مثبت اثرات کے باعث خام تیل کی قیمتیں 13 سے 15 فیصد تک گر گئی ہیں، جس سے عالمی معیشت کو وقتی ریلیف ملا ہے۔

برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی بیرل قیمت 17 ڈالر 31 سینٹ کم ہو کر 112 ڈالر سے گھٹ کر تقریباً 94 ڈالر 69 سینٹ پر آ گئی۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی بڑی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد قیمت 115 ڈالر سے کم ہو کر 96 ڈالر 73 سینٹ فی بیرل ہو گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق جنگ سے قبل 28 فروری کو برینٹ خام تیل تقریباً 70 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 67 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ ہو رہا تھا، تاہم جنگ کے دوران قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران نے پاکستان کی تجویز پر دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات 10 اپریل کو اسلام آباد میں متوقع ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی برقرار رہی تو عالمی آئل مارکیٹ میں مزید استحکام اور قیمتوں میں کمی کا امکان موجود ہے۔

Similar Posts