وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ تپ دق (ٹی بی) ایک قابل علاج بیماری ہے اور بروقت تشخیص و مؤثر علاج کے ذریعے اس سے مکمل چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے.
بلدیہ ٹاؤن میں نئے ٹی بی کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر صحت سندھ نے کہا کہ ٹی بی پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے اور یہ بیماری ہر جگہ پھیل سکتی ہے، اس لیے اس کی جڑ تک جانا ضروری ہے تاکہ مؤثر طریقے سے علاج ممکن ہو۔
وزیر صحت سندھ نے کہا کہ بدقسمتی سے نیم حکیموں اور غیر تربیت یافتہ افراد کی جانب سے اینٹی بائیوٹک ادویات کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عام ادویات بے اثر ہو رہی ہیں بلکہ پیچیدہ مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔
وزیر صحت نے کہا کہ سرکاری سطح پر قائم ٹی بی کلینکس میں تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور مریضوں کی آسانی کے لیے موبائل یونٹ بھی موجود ہے تاکہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں بھی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔
عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ٹی بی کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوام سے اپیل ہے کہ وہ مستند ڈاکٹروں سے رجوع کریں اور کسی بھی قسم کی علامات ظاہر ہونے پر فوری معائنہ کرائیں۔