پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 سیزن کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی۔

ملتان میں کھیلے گئے ایونٹ کے 13 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 169 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے ہاوس نے 80 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلی۔ کولن منرو 45، صاحبزادہ فرحان 22 اور محمد رضوان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سلطانز کی جانب سے مائیکل بریسویل، عبید شاہ اور کرس جورڈن نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان 36، یاسر خان 29، افتخار احمد 10 اور مائیکل بریسویل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کامران غلام 13 اور کرس جورڈن 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر، محمد نواز، رائلے میریڈتھ اور شاداب خان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

میچ کا ٹاس

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا ٹاس ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز

ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، کامران غلام، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، کرس جورڈن، طیب طاہر، اسامہ میر، عبید شاہ، جوشوا لٹل شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں آندرے ہاوس (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، شاداب خان (کپتان)، محمد نواز، حیدر علی، جیسن ہولڈر، عماد وسیم، سعد مسعود، رائلے میریڈتھ، سلمان ارشاد شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل 10 میں اب تک فتح سے محروم رہی تھی تاہم گزشتہ روز اپنے ہوم اسٹیڈیم میں انہوں نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔

ملتان سلطانز کو پہلے میچ میں کراچی کنگز کے ہاتھوں 4 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دی جبکہ تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے 120 رنز سے شکست دی۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور اسے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد کے 8، کراچی کنگز کے 5 میچز کے بعد 6 اور ملتان سلطانز کے 4 میچز کے بعد 2 پوائنٹس ہیں۔

Similar Posts