پاکستان سپر لیگ کی مینجمنٹ نے وزیراعظم شہبازشریف سے شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دینے کی درخواست کر دی ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے اہم مرحلے سے قبل شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت دینے کے معاملے پر پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پی ایس ایل مینجمنٹ نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ لاہور میں ہونے والے 2 پلے آف میچز اور فائنل کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اہم مقابلوں میں شائقین کی موجودگی ٹورنامنٹ کے ماحول کو مزید بہتر بنائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام فرنچائزز بھی شائقین کو اجازت دینے کے لیے پی ایس ایل انتظامیہ پر زور ڈال چکی ہیں، پی ایس ایل میں شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت وزیراعظم کی ہدایت کے بعد ہی دی جائے گی، حتمی فیصلہ حکومتی منظوری سے مشروط ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث کفایت شعاری مہم کے تحت پی ایس ایل کے میچز خالی اسٹیڈیمز میں کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پی سی بی نے پشاور اور فیصل آباد کے وینیوز میں میچز منسوخ کر کے پی ایس ایل 11 کے میچز کو لاہور اور کراچی تک محدود کر دیا تھا۔
پہلے مرحلے میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جب کہ دوسرے مرحلے میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں میچز کا سلسلہ جاری رہا تاہم خالی اسٹیڈیمز پر بعض شائقین اور اب پی ایس ایل فرنچائز کی جانب سے بھی آوازیں اُٹھ رہی ہیں۔