اسلام آباد: ریڈ زون کے اطراف ٹریفک پابندیاں ختم ہوگئی ہیں، نائب وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سرینا ہوٹل اور ریڈزون کے اطراف ٹریفک کی پابندیاں ختم ہوگئی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلام آباد میں سرینا ہوٹل اور ریڈ زون کے اطراف ٹریفک پابندیاں آج ختم ہو گئی ہیں میں اہل پاکستان بالخصوص اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے صبر اور تعاون پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ‏آپ کی حمایت ہمیں اپنے مہمانوں کی حفاظت یقینی بنانے اور خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں آگے بڑھانے کے قابل بناتی ہے، ہم ان مقاصد کے لیے پرعزم ہیں اور آپ کی مسلسل دعاؤں اور نیک تمناؤں کے قدردان اور طلب گار ہیں۔

ایران-امریکا جنگ بندی امن مذاکرات کے معاملے پر ایک ہفتے سے زائد عرصے تک بند جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی سمیت راولپنڈی کے پبلک ٹرانسپورٹ اڈے کھول دیے گئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ  جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی راولپنڈی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں کو گزشتہ ایک ہفتے سے سیکورٹی نکتہ نگاہ سے بند کر دیا گیا اور امن مذکرات کے دوسرے مرحلے کے بعد ہفتے کی شب پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو جڑواں شہروں میں آمد رفت کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم پیرودھائی بس ٹرمینل سمیت راولپنڈی کے اڈوں کو پیر کی صبع کھولنے کا اعلان سامنے آیا تھا۔

حکام کے مطابق اتوار کی رات گئے وی وی آئی پی موومنٹ مکمل ہونے پر رات کو ہی انتظامیہ نے پیرودھائی بس ٹرمینل کو بھی کھولنے کے احکامات جاری کردیے گئے اور اس کے بعد بس ٹرمینل کھول دیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے رات کو ہی ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران نے ٹرانسپورٹرز کو اڈے کھلنے کے پیغامات ارسال کرکے گاڑیاں اڈے میں لانے اور آپریشن بحال ہونے کے متعلق آگاہ کیا۔

جنرل سیکریٹری پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز ویلیفر ایسوسی ایشن ملک شہباز نے بھی اپنے پیغام میں ٹرانسپورٹ اور  اڈے بحال ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

Similar Posts