راولپنڈی؛ گائے کو دم گھونٹ کر مارنے کا دِل خراش واقعہ

0 minutes, 0 seconds Read
تھانہ کہوٹہ کی حدود میں نامعلوم افراد کی جانب سے شہری کی گائے کو پراسرار حالات میں دم گھونٹ کر مارنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہری کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مدعی مقدمہ صائم علی کے مطابق مٹور کہوٹہ کا رہائشی ہوں اور شیڈ پر مویشی پال رکھے ہیں  ۔ دن میں 2 سے 4 بجے کے درمیان شیڈ سے گھر آیا اور پھر واپس گیا تو ایک گائے جو بڑے شیڈ میں بندھی تھی موجود نہ تھی ۔

مدعی کے مطابق کسی نامعلوم شخص نے گائے کو بڑے شیڈ سے کھول کر چھوٹے شیڈ کے کمرے میں باندھا  ۔ ملزمان نے گائے کو ٹانگیں باندھ کر گرایا اور پھر اس کی گردن موڑ کر رسی سے باندھتے ہوئے سانس بند کردی ، جس سے گائے دم توڑ گئی ۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں مدعی نے کہا کہ میری کسی سے کوئی دشمنی یا عداوت نہیں  ہے۔ پولیس نے مقدمے  کی تفتیش شروع کردی ہے۔

Similar Posts