ای سی سی نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا

0 minutes, 0 seconds Read
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے خلیجی خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا، کمیٹی نے وزیر اعظم کفایت شعاری فنڈ کیلئے 100 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ اور نجی شعبے کے ذریعے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی بھی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جمعرات کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں حکومت نے مہنگائی کے ممکنہ دباوٴ سے عوام کو بچانے کے لیے اہم مالی فیصلے کیے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی اجلاس میں 100 ارب روپے کے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کی منظوری دی گئی، یہ رقم وزیر اعظم کے کفایت شعاری فنڈ 2026 میں منتقل کی جائے گی تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اتار چڑھاوٴ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خلیجی خطے کی بدلتی صورتحال کے باعث عالمی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کے پیش نظر وزیر اعظم کی ہدایت پر پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے فنڈز کو ازسرِنو ترتیب دے کر یہ رقم مختص کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق مختلف وزارتوں نے ترقیاتی بجٹ میں بچت اور ردوبدل کے ذریعے یہ فنڈز فراہم کیے ہیں جبکہ کوشش کی گئی ہے کہ اہم اور جاری منصوبے متاثر نہ ہوں۔

ای سی سی نے گندم کی خریداری سے متعلق بھی غور کیا۔ اجلاس میں وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کردہ سمری میں بتایا گیا کہ رواں سال گندم کی پیداوار بہتر رہنے کی توقع ہے تاہم موسمی حالات اور دیگر عوامل کے باعث مکمل یقین نہیں کیا جا سکتا اس صورتحال کے پیش نظر کمیٹی نے محتاط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں تفصیلی غور کے بعد ای سی سی نے نجی شعبے کے ذریعے ایک ملین میٹرک ٹن تک گندم خریدنے کی اصولی منظوری دے دی جسے شفاف اور مسابقتی طریقے سے مکمل کیا جائے گا تاہم حتمی قیمتوں، مالی اثرات اور طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ گندم کی اسٹریٹجک اور کمرشل ذخائر میں واضح فرق رکھا جائے تاکہ غیر ضروری مالی بوجھ اور ذخیرہ اندوزی کے مسائل سے بچا جاسکے۔

Similar Posts