وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں بھارت کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور پاکستانی قوم پوری طرح متحد ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کی فضائی قوت، قومی جذبے اور دشمن کی ناکامیوں کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ بھارت کو ہزیمت اٹھانا پڑ رہی ہے، پوری دنیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے رافیل طیاروں کو دھول چٹا دی، جبکہ دشمن مکار اور بزدل ہے، جو چھپ کر وار کرتا ہے لیکن سامنا نہیں کر سکتا۔
پاک فوج نے 25 بھارتی ڈرون مار گرائے، ایک پاکستانی شہید، 4 فوجی اہلکاروں سمیت 6 زخمی
وزیراطلاعات نے رافیل طیاروں کی ناکامی کو بھارت کی قومی تذلیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو رافیل طیاروں پر بڑا ناز تھا، یہ طیارے نہیں گرے بلکہ بھارتی قوم کا غرور گرا ہے۔ جہازوں کے ساتھ ساتھ بھارتی قوم کا مورال اور ناز بھی زمیں بوس ہوا ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ رافیل کمپنی کہہ رہی ہے کہ آپ نے ہماری ساکھ گرا دی ہے۔ رافیل کمپنی کے شیئرز 18 فیصد گر گئے ہیں۔ ہم نے یہاں فنٹاسٹک ٹی تیار رکھی ہوئی تھی، لیکن جب دشمن بھاگ گیا تو ہم نے چائے کی ہوم ڈیلیوری کر دی۔ چائے اب بھی تیار ہے مگر اس بار انداز مختلف ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاک فضائیہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ روایتی جنگ میں پاکستان کی برتری دشمن پر عیاں ہو چکی ہے اور پوری دنیا میں یہ پیغام پہنچا ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔
وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 25 اسرائیلی ساختہ ڈرونز کو جنگی حکمتِ عملی کے تحت مار گرایا ہے۔ رافیل کے بعد اسرائیلی ساختہ بھارتی ڈرونز بھی تباہ کیے گئے ہیں، اور ان ڈرونز کا ملبہ ہمارے لیے ’وار ٹرافی‘ ہے۔
انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہونے والی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ایل او سی پر بھی بےپناہ نقصان اٹھایا ہے، جہاں ہماری جوابی کارروائی میں بھارت کے 40 سے 50 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
مودی کے جنگی جنون نے کیسے رات بھر بھارتیوں کو جگائے رکھا
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے اپنا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم نہ صرف تیار ہیں بلکہ ہر محاذ پر دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سفید جھنڈا لہرانا اس کی شکست کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ بھارت کس طرح سکھ قوم کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارتی فوج نے سکھوں کے خلاف کارروائی کی ہے اور بھارتی ڈرون نے بھی سکھوں کو نقصان پہنچایا۔ دنیا بھر سے آوازیں اٹھ رہی تھیں کہ کوئی سکھ پاکستان کے خلاف نہیں لڑے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ دشمن کو کب، کہاں اور کیسے جواب دینا ہے، یہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روایتی جنگ میں دشمن پر ہماری برتری واضح ہو چکی ہے اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پہل بھارت نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویلینز پر حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مسلح افواج کو جواب دینے کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے۔ بھارت کو جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انتہا پسندوں کے دباؤ پر دی ہندو نے بھارتی طیارہ مار گرائے جانے کی خبر ہٹا دی
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے بلکہ ہر جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق، یہ صرف فوجی جنگ نہیں بلکہ بھارتی پراپیگنڈے اور اندرونی ظلم و ستم کو بھی بےنقاب کرنے کی جنگ ہے، اور ہم ہر محاذ پر سرخرو ہوں گے۔