جنوبی سوڈان میں طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت تمام 14 افراد ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا کے نواحی علاقے میں ایک سیسنا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تمام 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق جنوبی سوڈان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کو اس وقت پیش آیا جب سیسنا 208 کاراوان طیارہ یئی سے جوبا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف جا رہا تھا۔

اتھارٹی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 13 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھا۔ پرواز نے صبح 9:15 پر اڑان بھری اور 9:43 پر اس کا رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد یہ تقریباً 20 کلومیٹر جنوب مغرب میں گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں سوار تمام 14 افراد جان کی بازی ہار گئے، طیارے میں سوار افراد میں 2 کینین شہری بھی شامل تھے جب کہ باقی تمام مسافر جنوبی سوڈان کے شہری تھے۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر خراب موسم اور حدِ نگاہ میں کمی کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور ملبے سے معلومات اکٹھی کرنے کا عمل جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں طیارے کے ملبے کو آگ کی لپیٹ میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ جائے وقوعہ کو پہاڑی اور دھند آلود علاقہ بتایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں فضائی حادثات بار بار پیش آتے رہے ہیں، جہاں پرانے طیارے، محدود انفراسٹرکچر اور خراب موسم کو بڑی وجوہات کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی ملک میں متعدد مہلک فضائی حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں درجنوں افراد جان سے گئے۔

Similar Posts