کنسرٹ پر تنقید، دلجیت دوسانجھ کا منیر نیازی کے اشعار سے جواب

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے گانوں پر تنقید اور پرفارمنس پر پابندی کے مطالبات کے درمیان احمد آباد میں کنسرٹ کے دوران منیر نیازی کے اشعار سنا کر ناقدین کو جواب دے دیا۔

دلجیت دوسانجھ نے ہفتے کی شب بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں پرفارم کیا۔ کنسرٹ کے دوران انہوں نے اپنے گانوں پر ہونے والی تنقید اور پابندی کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اشتعال دلایا جائے گا تو وہ جواب دیں گے۔

گلوکار نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہ اکسایا جائے، وہ اپنا شو کریں گے اور چلے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص سے لڑائی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، وہ اس جگہ کو بہت پہلے ہی چھوڑ چکا ہے۔

دلجیت نے گزشتہ برس اسی اسٹیڈیم میں برطانوی بینڈ کولڈ پلے کی پرفارمنس کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ غیر ملکی فنکاروں کے گانوں میں ایسے موضوعات پر اعتراض کیوں نہیں کیا جاتا، جبکہ بھارتی گلوکاروں کو اسی نوعیت کے گانے پیش کرنے پر پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اپنی بھارتی شناخت پر اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے دلجیت نے کہا کہ وہ بھارت میں پیدا ہوئے ہیں اور دنیا بھر میں ان کے ساتھ سفر کرنے والے موسیقار بھی بھارتی ہیں۔

دلجیت دوسانجھ کے گانوں پر تنقید اور ان کی پرفارمنس پر پابندی کے مطالبات چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر اور سماجی کارکن ڈاکٹر پنڈت راؤ دھاریناور کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔

کنسرٹ سے قبل پروفیسر نے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ دلجیت کو اپنے چار گانے، پٹیالہ پیگ، 5 تارا، جٹ وچ فائر اور جٹ فائر کردا، پیش کرنے سے روکا جائے۔

ان کا مؤقف ہے کہ ان گانوں میں شراب، منشیات اور اسلحے کے استعمال کو فروغ دینے والے حوالے موجود ہیں۔ پروفیسر نے اس معاملے پر گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔

واضح رہے کہ دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنے ’اورا ورلڈ ٹور 2026‘ کے سلسلے میں مختلف ممالک میں پرفارم کر رہے ہیں۔ احمد آباد کے بعد ان کا اگلا کنسرٹ 27 نومبر کو ممبئی میں ہوگا، جبکہ 29 نومبر کو وہ بنگلورو میں پرفارم کریں گے۔

گلوکار سال کا اختتام 31 دسمبر کو ابوظہبی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر ہونے والی خصوصی پرفارمنس کے ساتھ کریں گے۔

Related posts