پاک بھارت کشیدگی کے اثرات پاکستان سپر لیگ پر بھی ظاہر ہونے لگے

0 minutes, 0 seconds Read

پاک بھارت کشیدگی کے اثرات پاکستان سپرلیگ پر بھی ظاہر ہونے لگے، براڈ کاسٹر کو بھارتی عملے کے بارے میں تشویش لاحق ہوگئی، معاملے پر پی سی بی نے حکومت سے رابطہ کرکے وضاحت طلب کرلی۔

ذرائع کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے اثرات پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر بھی نمودار ہونے لگے ہیں۔ پی ایس ایل کی براڈ کاسٹ ٹیم میں شامل بھارتی عملے کے حوالے سے براڈکاسٹرز نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حکومت سے باضابطہ رابطہ کر لیا اور بھارتی عملے کی شمولیت پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

پی ایس ایل کی براڈ کاسٹنگ ٹیم میں تقریباً 12 بھارتی اہلکار شامل ہیں، جو مختلف تکنیکی اور پروڈکشن ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

پی سی بی اس وقت حکومت کی جانب سے ہدایات کا منتظر ہے تاکہ صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔ بورڈ کی کوشش ہے کہ سیکیورٹی اور سفارتی معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کی غیر یقینی کیفیت سے بچا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی براڈکاسٹ کا عمل بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے پی سی بی ہر ممکن اقدام کرے گا، تاہم موجودہ صورتحال میں بھارتی عملے کی موجودگی ایک حساس معاملہ بنتا جا رہا ہے۔

پی ایس ایل میں بھارتی سمیت غیر ملکی براڈ کاسٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی پر پی ایس ایل میں بھارتی سمیت غیر ملکی براڈ کاسٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی میچ کے بعد حکومت سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 15 سے 20 براڈ کاسٹرز پی ایس ایل میں فرائض انجام دے رہے ہیں، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی میچ معمول کے مطابق براڈ کاسٹرز کریں گے، غیر ملکی براڈ کاسٹرز معاہدہ کے تحت فرائض انجام دے رہے ہیں، انڈین براڈ کاسٹرز کا فیصلہ آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔

Similar Posts