پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا: محسن نقوی کا اعلان
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔
پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو کرکٹ کی بحالی مبارک ہو۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ گورنر کے پی جب بھی ان سے ملاقات کرتے ہیں تو خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے انعقاد کی بات کرتے ہیں، اب 12 سال بعد پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب پشاور میں ہونے جا رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور ایونٹ کا پہلا میچ پشاور میں منعقد ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی اس حوالے سے بھرپور کوشش کی گئی تھی، تاہم اس وقت یہ ممکن نہیں ہوسکا تھا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا 12 واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی تک منعقد ہوگا، جس کا تفصیلی شیڈول تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
چیئر مین پی سی بی نے جنوری کے تیسرے ہفتے میں پشاور میں تین پاکستانی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹورنامنٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ایک سینئر ٹیم، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیم حصہ لیں گی۔
محسن نقوی کے مطابق اس اقدام کا مقصد خیبر پختونخوا میں کرکٹ کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کھیل کی بحالی کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔
خیبر پختونخوا میں انٹرنیشنل کرکٹ کرانے کا عزم
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بہت زیادہ کرکٹ ٹیلنٹ موجود ہے اور قومی کرکٹ ٹیم میں بھی صوبے کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کھیلوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور گراؤنڈز کی بہتری کے حوالے سے بھی کام جاری ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام متعلقہ فریق مل کر کام کریں گے اور امید ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ سے نوجوانوں کے لیے نئے راستے کھلیں گے۔
ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بحال کرنے کا اعلان
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق کی جانب سے 160 ارب روپے کے پیکج میں سے 60 ارب روپے کا 70 فیصد حصہ صوبے کے 12 اضلاع پر خرچ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ صوبائی حکومت نے پشاور کے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا تھا، تاہم اب اس اسٹیڈیم کا پرانا نام ’ارباب نیاز اسٹیڈیم‘ دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے فروری 2025 میں ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر کے ’عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم‘ رکھ دیا تھا۔