پہلگام سے ہمارا تعلق نہیں، بھارت نے کچھ کیا تو نفع نقصان نہیں دیکھیں گے، اسحاق ڈار

0 minutes, 0 seconds Read

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمارا دامن صاف نہ ہوتا تو ہم دنیا کو پیشکش نہ کرتے، پہلگام واقعے سے ہمارا کچھ لینا دینا نہیں، بھارت نے کچھ کیا تو نفع نقصان نہیں دیکھیں گے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام شواہد قوم کے سامنے رکھے، بھارت ثبوت دینے میں ناکام ہو چکا ہے۔ بھارتی وزرا مودی سے استعفا مانگ رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد کے مظاہرے پر تمام سینیٹرز کا مشکور ہوں، کئی ممالک کے وزرائے خارجہ سے میرا رابطہ ہوا، دوست ممالک سے بھی ذاتی طور پر بات کی ہے۔ رابطے میں بھارت کے پروپیگنڈے اور خدشات سے آگاہ کیا۔ سعودی عرب، عرب امارات، قطر، آذربائیجان، بحرین اور ہنگری کے وزرائے خارجہ کوصورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت میں ہونے والی دہشت گردی میں پاکستان کا ہاتھ نہیں، ہم تمام دوست ممالک کو اعتماد میں لے رہے ہیں، ترکیہ اور چین نے تعاون کی یقین دہانی کروائی، جو ہمارے ساتھ جو کرے گا ویسا ہی سلوک کریں گے، ہم پہل نہیں کریں گے، مگر اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

اسحاق ڈار نے اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے تمام شواہد قوم کے سامنے رکھے، بھارت ثبوت دینے میں ناکام ہو چکا ہے۔ بھارتی وزرا مودی سے استعفا مانگ رہے ہیں، بھارت پلوامہ کا ڈرامہ بھی ثابت نہیں کرسکا، ہمارے پانی کے ساتھ کچھ کیا تو جنگ تصور ہوگی۔

نائب وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ڈوزیئر بنا کر دنیا کو معاملے سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم نے دنیا کو شفاف تحقیقات کی آفر کی ہے، ہمارا دامن صاف نہ ہوتا تو ہم دنیا کو پیشکش نہ کرتے، پہلگام واقعے سے ہمارا کچھ لینا دینا نہیں، بھارت نے کچھ کیا تو نفع نقصان نہیں دیکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس وقت ہم سیکیورٹی کونسل کے ممبر ہیں، ایک پریس ریلیز پر گزشتہ روز بھی میں نے اس پر2 اعتراض اٹھائے، پہلگام کے ساتھ جموں و کشمیر نہیں لکھا گیا، ہدایات دیں کہ پہلگام کے ساتھ جموں و کشمیر لکھا جائے گا، ایک جگہ ہے کیوں شرما رہے ہو نام لکھنے میں اس جگہ کا ؟ پاکستان کو مبارک ہو پریس ریلیز پر دونوں اعتراض دور کیے گئے۔

Similar Posts