شاہ رخ خان ’اوینجرز‘ کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار؟ مارول یونیورس میں انٹری کی خبریں

0 minutes, 1 second Read

بالی وڈ کے ’کنگ خان‘، شاہ رخ خان سے متعلق خبروں نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی سپر ہیرو فرنچائز مارول سنیماٹک یونیورس (MCU) میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر موجود معروف اکاؤنٹ @MarvelLeaks22 نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان اور مارول اسٹوڈیوز کے درمیان ایک ممکنہ منصوبے پر ابتدائی بات چیت جاری ہے۔

خطرے کے سائے میں پہلگام پہنچنے والا پہلا بالی وڈ ہیرو کون؟

پوسٹ میں اداکار کی ایک تصویر کے ساتھ یہ وضاحت بھی کی گئی کہ شاہ رخ جس پراجیکٹ کا حصہ بن سکتے ہیں، وہ موجودہ پروڈکشن میں زیرِ عمل فلماوینجرز ڈومزڈے نہیں ہے۔

اگرچہ ابھی تک نہ مارول اسٹوڈیوز اور نہ ہی شاہ رخ خان کی جانب سے اس بارے میں کوئی سرکاری تصدیق سامنے آئی ہے، مگر ان خبروں نے مداحوں میں جوش و خروش کی لہر دوڑا دی ہے۔

مداح نے مسیحی اداکارہ کا مندر بنا ڈالا

اگر یہ معاہدہ طے پاتا ہے تو شاہ رخ خان ایم سی یو کا حصہ بننے والے چند بھارتی اداکاروں — جیسے عرفان خان، فرحان اختر، ہریش پٹیل اور موہن کپور — کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔ تاہم، شاہ رخ خان جیسی عالمی شہرت یافتہ شخصیت کے لیے ممکنہ طور پر کسی اہم یا مرکزی کردار کی پیشکش متوقع ہے۔

مارول اسٹوڈیوز کی حالیہ پالیسیوں پر نظر ڈالیں تو یہ واضح ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی پس منظر رکھنے والی کہانیوں اور کرداروں میں مسلسل دلچسپی لے رہے ہیں۔

سیریز ’مس مارول‘ میں پاکستانی نژاد سپر ہیروئن کمالہ خان کی کہانی، ’ایٹرنلز‘ میں بھارت کے مناظر، اور یہاں تک کہ ’ڈیڈپول 2‘ میں شاہ رخ کی فلم ’سوادیش‘ کا گانا شامل کیا جانا سب اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مارول جنوبی ایشیائی ثقافت کو گلوبل سینما کا حصہ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس تناظر میں شاہ رخ خان کی انٹری ایم سی یو کی مقبولیت کو جنوبی ایشیاء میں مزید فروغ دے سکتی ہے۔

قابلِ ذکر بات یہ بھی ہے کہ حالیہ دنوں میں ’کیپٹن امریکہ: بریو نیو ورلڈ‘ کے اداکار انتھونی میکی نے شاہ رخ خان کو ”damn best“ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی بھارتی اداکار اوینجرز میں ہونا چاہیے تو وہ شاہ رخ ہی ہیں۔

’مس مارول‘ میں بھی مرکزی کردار کو شاہ رخ کا فین دکھایا گیا تھا، جو ان کے عالمی اثر و رسوخ کی ایک اور مثال ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر اسٹرینج کے اداکار بینیڈکٹ کمبربیچ بھی شاہ رخ کی اداکاری کے معترف ہیں اور انہیں ایم سی یو میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔

دوسری جانب، شاہ رخ خان ان دنوں اپنے اگلے بڑے پراجیکٹ ’کِنگ‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جس کی ریلیز 2026 یا 2027 میں متوقع ہے۔ اس فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان، اداکار ابھیشیک بچن اور ارشد وارثی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

فی الحال سب کی نظریں اس بات پر جمی ہیں کہ آیا شاہ رخ خان واقعی ایم سی یو کا حصہ بننے جا رہے ہیں یا یہ صرف ایک قیاس آرائی ہے۔ اگر یہ خبر درست ثابت ہوتی ہے تو یہ نہ صرف شاہ رخ خان کے کیریئر کا ایک سنگِ میل ہو گا بلکہ بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے بھی ایک بین الاقوامی کامیابی تصور کی جائے گی۔

Similar Posts