’میرا نہیں تو کسی اور کا بھی نہیں‘ — حافظ آباد میں خاتون کی انتقامی کارروائی، تیزاب سے حملہ کر دیا

0 minutes, 0 seconds Read

مبینہ شادی سے انکار پر حافظ آباد میں خاتون نے بارات کا راستہ روک لیا۔ دولہا پر تیزاب پھینکنے کی کوشش میں دولہا کا باپ جھلس کر زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دولہا معظم نے بشریٰ سے شادی کرنے سے انکار کیا تھا۔

پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں ایک افسوسناک واقعے میں شادی سے انکار پر ایک خاتون نے دولہا پر تیزاب پھینکنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں دولہا کا والد شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب معظم نامی نوجوان کی بارات نواحی گاؤں خرم چوریڑہ کے لیے روانہ ہو رہی تھی۔ اسی دوران بشریٰ بی بی نامی خاتون نے بارات کا راستہ روکا اور مبینہ طور پر دولہا پر تیزاب پھینکنے کی کوشش کی۔

تاہم، معظم کا والد اپنے بیٹے کو بچانے کے لیے آگے آیا اور تیزاب اس پر آ گرا، جس سے اس کا چہرہ اور جسم کے دیگر حصے بری طرح جھلس گئے۔

زخمی والد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بشریٰ بی بی معظم سے شادی کی خواہش مند تھی، اور اس کے انکار پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔

Similar Posts