بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی مودی سے ملاقات، ’خطرہ ابھی ٹلا نہیں‘

0 minutes, 0 seconds Read

جموں و کشمیر کے پہلگام میں حملے کے بعد پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اتوار کے روز ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امرپریت سنگھ کی ملاقات ہوئی، جو تقریباً 40 منٹ جاری رہی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اگرچہ اس ملاقات کا کوئی سرکاری اعلامیہ میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا، تاہم اس ملاقات کو 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے سلسلے میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل 30 اپریل کو انڈین نیوی کے سربراہ جنرل اوپندر دیویدی نے وزیراعظم مودی سے ملاقات کی تھی، جس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال بھی شریک ہوئے تھے۔ اسی طرح 3 مئی کو بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش تریاٹھی نے وزیراعظم کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل مشاورت کی تھی، جس میں بحریہ کی تیاریوں اور موجودہ صورتِ حال پر تفصیلی گفتگو ہوئی تھی۔

بھارتی فوجی گاڑی حادثے کا شکار: 3 اہلکار ہلاک، ناقص دیکھ بھال اور لاپرواہی بے نقاب

خیال رہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد نریندر مودی نے اپنی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدرات کی تھی جس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دووال سمیت تینوں سروسز کے سربراہان موجود تھے۔

اس موقع پر مودی نے کہا تھا کہ پہلگام حملے کے ردعمل میں طریقہ کار، اہداف اور وقت کا تعین کرنے میں مسلح افواج کو مکمل آپریشنل آزادی ہے۔

بھارت نے بنگلہ دیش کا پانی بھی روکنے کی تیاری شروع کر دی

عطا تارڈ کا بیان

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ جو آج (اتوار) ڈائیریکٹر جنرل آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف کے ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں کو موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال کے تناظر میں بریفنگ دیں گے، انہوں نے کہا کہ بھارت ایک مکار دشمن ہے جس کی طرف سے ابھی حملے کا خطرہ ٹلا نہیں ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پہلگام واقعے میں ہمارے ہاتھ صاف ہیں، بھارت الزامات کی بجائے حقائق کی بنیاد پر بات کرے۔

واضح رہے کہ بھارت کے جنگی جنون اور پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کے انکشافات کے بعد پاکستان نے کھل کر بھارت کو خبردار کیا گیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں مکمل طاقت، بشمول ایٹمی طاقت، استعمال کی جائے گی۔ روس میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کو فیصلہ کن جواب دے گا۔

Similar Posts