کراچی: انٹرکےامتحانات میں پرچوں کے لیک کی روک تھام کیلئے سائبر کرائم متحرک

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران پرچوں کی سوشل میڈیا پرممکنہ لیک سے متعلق نیشنل سائبرکرائم ٹیم کی معاونت کے لئے سیکرٹری انٹربورڈ کا تقررکردیاگیا۔

ذرائع کے مطابق بورڈ سیکریٹری امتحانات کے دوران اگر کسی بھی پرچے کے سوشل میڈیا یا واٹس ایپ پر آؤٹ ہونے کی اطلاع پاتے ہیں تو وہ فوری طور پر سائبر کرائم ٹیم کو اطلاع دیں گے تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ سائبر کرائم ونگ کی کراچی برانچ نے بورڈ انتظامیہ کو خط لکھ کر فوکل پرسن تعینات کرنے کا کہا تھا جس پر یہ اقدام کیا گیا۔

چیئرمین انٹربورڈ کی جانب سے پرچوں کی سوشل میڈیا پر ممکنہ لیک کی تحقیقات کے لیے نیشنل سائبر کرائم کوآرڈی نیشن اینڈ انویسٹی گیشن ایجنسی کو خط بھی لکھا گیا تھا۔ خط میں چھ رکنی سائبر کرائم چھاپہ مار ٹیم کے قیام کی درخواست کی گئی تھی جو بورڈ اور امتحانی مراکز پر کارروائی کرے گی۔

کراچی: انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان

سائبر ٹیم کے ترجمان کے مطابق امتحانات کے پہلے روز کسی بھی امتحانی مرکز سے پرچہ لیک ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم اگر مستقبل میں ایسی کوئی شکایت سامنے آئی تو بورڈ انتظامیہ کی تحریری شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ امتحانی عمل کو شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ و طالبات کے تعلیمی مستقبل کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

Similar Posts