بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت کا خمیازہ اسے خود اپنے علاقے میں بھگتنا پڑ گیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے ”روئٹرز“ نے مقامی سرکاری ذرائع کے حوالے سے تصدیق ہے کہ بدھ کے روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں تین بھارتی لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہوئے۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب بھارت نے دعویٰ کیا کہ اُس نے سرحد پار پاکستانی علاقوں میں نو اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
اُدھر پاک فوج کے ترجمان نے روئٹرز کو بتایا کہ پاکستان نے پانچ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بدھ کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان نے اب تک جوابی کارروائی میں بھارت کے پانچ طیارے، ایک کامپیکٹ ہیرون ڈرون کو مار گرایا ہے۔ گرائے جانے والے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی 30 شامل ہے۔

اگرچہ بھارت کی جانب سے اس دعوے کی فوری تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، تاہم زمینی حقائق نے بھارت کی فضائی برتری کے دعوے کو بری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقبوضہ وادی میں گرنے والے طیاروں کے ملبے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ بھارتی حکام کی جانب سے حادثے کی اصل وجوہات چھپانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مقامی لوگ سوشل میڈیا پر تباہ شدہ طیاروں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں، جس سے بھارتی حکومت کے لیے صورتحال سنبھالنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔