پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر پر اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر مبینہ پولیس تشدد کے معاملے پر 2 ایس ایچ اوز اور ایک اے ایس آئی کو معطل کردیا گیا جبکہ پولیس افسران کو سی پی او راولپنڈی نے آر پی او کی ہدایت پر معطل کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر پر اڈیالہ جیل کے قریب مبینہ طور پر تشدد کیا تھا۔ جس کے بعد عامر ڈوگر نے الزام عائد کیا تھا کہ پولیس نے ان کے کپڑے پھاڑ دیے اور ان پر تشدد کیا۔
اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی کی ہدایت پر سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) نے راولپنڈی پولیس کے 2 ایس ایچ اوز اور ایک اے ایس آئی کو معطل کردیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا، بانی پی ٹی آئی کی فوراً رہائی کا مطالبہ
نوٹیفکیشن کے مطابق معطل معطل ہونے والے ایس ایچ اوز میں سب انسپکٹر طیب بیگ، سب انسپکٹر سلیم قریشی اور اے ایس آئی ماجد شامل ہیں جبکہ معطل پولیس افسران سے فوری طور پر عہدوں کا چارج بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
معطل پولیس افسران کو کلوز لائن کرکے ان کے خلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے ڈی پی او جہلم انکوائری آفیسر مقرر کر دیے گئے ہیں۔
سب انسپکٹر طیب بیگ کو گزشتہ شب تھانہ چکری سے تبدیل کرکے ایس ایچ او نیو ٹاؤن تعینات کیا گیا تھا۔