پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 6 اور 7 کی شب بچوں اور 31 معصوم شہریوں کو شہید کرنا بھارت کی دہشت گردی ہے اور اس کا ہم بھرپور جواب دیں گے، معصوم شہریوں کے آخری قطرے تک کا حساب لیں گے، افواج پاکستان سمجھوتہ نہیں کریں گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے گزشتہ رات بزدلانہ حملہ کیا، حملے میں 31 شہری شہید اور 57 زخمی ہوئے، بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا، کم ظرف دشمن نے پاک فوج سے لڑنے کے بجائے شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا کہاں کی بہادری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کیا یہ معصوم بچے دہشت گردی کرسکتے ہیں، بھارت پاکستان میں کئی مرتبہ دہشت گردی کرچکا، بھارت کی دہشت گردی کے ثبوت موجود ہیں، گزشتہ شب جو کچھ ہوا وہ دہشت گردی نہیں تو کیا ہے؟ مسافر طیاروں میں موجود ہزاروں افراد کی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔
احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا کس مذہب میں ہے، پاک افواج نے بھارتی بربریت دشمن کے شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، ہم نے بھارت کے 3 رافیل سمیت 5 جہاز تباہ کردیے، دشمن کی جانب سے سیز فائز کی خلاف ورزی کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم نے 7 بھارتی ڈرونز بھی مار گرائے اور 2 کو لینڈ کرا کر قبضے میں لے لیا، دشمن کم ظرف اور بزدل ہے تاحال پاکستان افواج کا کوئی نقصان نہیں ہوا، کیا مساجد اور غریب لوگوں کے گھروں میں دہشت گرد تھے، دشمن بھارت نے نیلم جہلم منصوبے کو بھی نشانہ بنایا، عالمی قوانین کے مطابق ڈیمز کو نشانہ نہیں بنایا جاسکتا، پانی کے ذخائر پر حملہ کرنے کی کوئی قانون اجازت نہیں دیتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک افواج دفاع پاکستان پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی، ملکی دفاع کے لیے پوری قوم یکجا ہے، قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا ہے، جگہ اور وقت کا تعین اب ہم کریں گے۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔