وفاق میں بہتر تعلقات کیلئے پیپلزپارٹی کا پنجاب میں پاور شیئرنگ کا مطالبہ

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پاور شئیرنگ کا معاملہ شدت اختیار کرگیا، گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاسوں کی اندرونی کہانی منظر عام پر آگئی۔

ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس میں اتحادیوں کی بیٹھک سے قبل پیپلز پارٹی کا الگ اجلاس ہوا، جس میں اتحاد برقرار رکھنے کے لیے شرائط رکھی گئیں۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے وفاق میں بہتر تعلقات کے لیے پنجاب میں پاور شئیرنگ کا مطالبہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے واضح کیا ہے کہ اگر پاور شئیرنگ نہ ہوئی تو وفاق میں مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دینے پر نظرثانی کی جائے گی تاہم پنجاب میں پاور شئیرنگ پر دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی بریک تھرو نہیں ہو سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے وعدوں کی تکمیل کے لیے سب کمیٹیاں بنا دی ہیں تاہم پیپلز پارٹی کو فنڈز دینے سے معذرت کر لی گئی۔

پیپلز پارٹی نے ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور راولپنڈی میں انتظامی اختیارات کا مطالبہ کیا لیکن مسلم لیگ (ن) نے یہ مطالبہ ماننے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کی قیادت آصف زرداری کو اجلاس کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ پاور شئیرنگ کی راہ میں پنجاب حکومت سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

Similar Posts