بھارت کے آسرے بلوچستان پر جنگ مسلط کرنے والوں کو ایک بار پھر سوچنا ہوگا، سرفراز بگٹی

0 minutes, 0 seconds Read

کوئٹہ میں منعقدہ ورلڈ انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کی تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد بلوچستان اور پاکستان کے لیے ایک خوش آئند اور مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے ذریعے دنیا کو امن، استحکام اور پاکستان کی مثبت تصویر کا پیغام گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دشمن نے شاید پاکستان کی صلاحیت اور قوت کا غلط اندازہ لگایا تھا، لیکن اب اسے بخوبی اندازہ ہو چکا ہے کہ یہ قوم اپنے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی جنگ نہیں چاہتا، لیکن جب بھی جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی، دشمن کو منہ توڑ جواب ملا ہے۔

سرفراز بگٹی نے پاک افواج، آرمی چیف، نیول چیف اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام مادرِ وطن کے ان محافظوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ ہر لمحہ ملک کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے سہارے بلوچستان میں جنگ مسلط کرنے والے عناصر کو اب سوچنا ہوگا کہ وہ کہاں کھڑے ہیں۔ آج ہم ایک بار پھر انہیں قومی دھارے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ بلوچستان ترقی، امن اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو۔

Similar Posts